ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاویری ریور اتھارٹی کی پہلی میٹنگ میں کرناٹک کا احتجاج درج، تملناڈو کو فوراً پانی فراہمی کرنے کرناٹک کو ہدایت

کاویری ریور اتھارٹی کی پہلی میٹنگ میں کرناٹک کا احتجاج درج، تملناڈو کو فوراً پانی فراہمی کرنے کرناٹک کو ہدایت

Tue, 03 Jul 2018 11:42:13    S.O. News Service

بنگلورو،3؍جولائی(ایس او نیوز) کاویری ریور اتھارٹی نے آج کرناٹک کو ہدایت دی ہے کہ جولائی کے لئے تملناڈو کو درکار پانی فراہم کیا جائے۔ آج مرکزی آبی کمیشن میں چیرمین مسعود حسین کی صدارت میں منعقدمیٹنگ کے دوران فریق ریاستوں کے نمائندوں نے کاویری طاس کے آبی ذخائر میں پانی کی سطح کا جائزہ لینے کے بعد اعداد وشمار اتھارٹی کو پیش کئے جس کے بعد اتھارٹی نے کرناٹک کوہدایت جاری کی ہے کہ تملناڈو کو جولائی کے دوران کاویری سے جتنے پانی کی فراہمی ہونی چاہئے وہ کردی جائے۔اتھارٹی کے فیصلے سے ریاست میں ایک بار پھر کاویری مسئلے کے بھڑک اٹھنے کا اندیشہ ظاہر کیا جارہاہے۔ منڈیا اور کاویری طاس کے دیگر اضلاع کے کسان پہلے ہی پچھلے دو تین سالوں سے خشک سالی کے سبب خسارے کا شکار ہیں ، امسال اطمینان بخش مانسون کے آغاز نے اچھی فصلوں کی کچھ امید باندھی تھی اب کاویری ریور اتھارٹی کی طرف سے تملناڈو کو پانی فراہم کرنے کا تازہ حکم ان کسانوں کی امیدوں پر پانی پھیر نے کا سبب بن سکتا ہے۔

کاویری نگرانی بورڈ کے قیام کی کرناٹک کی طرف سے شدید مخالفت کے باوجود مرکزی حکومت کی طرف سے اس بورڈ کی تشکیل عمل میں آئی اور آج دہلی کے محکمۂ آبی وسائل کے دفتر میں کاویری نگرانی اتھارٹی کی پہلی میٹنگ منعقد ہوئی۔ مرکزی آبی کمیشن کے دفتر میں منعقدہ میٹنگ میں کاویری ریور اتھارٹی کے چیرمین مسعود حسین نے صدارت کی ، جس میں مرکزی حکومت کے پانچ نمائندے ، کرناٹک ، تملناڈو ، کیرلا ، پانڈی چری سے ایک ایک نمائندے نے شرکت کی۔ ریاستی محکمۂ آبی وسائل کے سکریٹری راکیش سنگھ ، تملناڈو سے ایس کے پربھاکر ، پانڈی چری سے انبو رسو ،کیرلا سے ٹنکو بسوال نے میٹنگ میں حصہ لیا۔ کاویری طاس میں مانسون کی بارشوں سے بیشتر آبی ذخائر کے پر ہونے پر میٹنگ میں مسرت کا اظہار کیا گیا اور جولائی کے دوران کرناٹک سے تملناڈو کو پانی کی فراہمی پر تبادلۂ خیال کیاگیا۔

میٹنگ میں کہا گیا ہے کہ جولائی کے دوران کرناٹک سے تملناڈو کو تین مرتبہ پانی کی فراہمی ہونی ہے۔ دس دنوں کے وقفے سے پانی کی فراہمی کے متعلق سپریم کورٹ کے رہنما خطوط پیش کئے گئے، اور کہاگیا کہ جولائی کے دوران تملناڈو کو 34ٹی ایم سی فیٹ پانی کی فراہمی کی جانی ہے۔ چونکہ کاویری طاس کے آبی ذخائر اس وقت پر ہیں اسی لئے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ اس موقع پر چاروں ریاستوں نے یکم تا 30جون اپنے اپنے ان آبی ذخائر میں جو کاویری طاس میں آتے ہیں وہاں پانی کی مقدار اور دیگر تفصیلات کاویری ریور اتھارٹی کے سامنے پیش کیں۔اس کے ساتھ ہی کرناٹک کے نمائندے راکیش سنگھ نے مرکزی حکومت کی طرف سے کاویری ریور اتھارٹی کی تشکیل کے مرحلے میں کی گئی کوتاہیوں کی نشاندہی کی۔ اور میٹنگ میں کاویری مسئلے پر کرناٹک کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کے متعلق ریاستی حکومت کی طرف سے احتجاج درج کروایا۔


Share: